حضرت مولانا نذیر احمد صاحب قاسمیؒ مظفری
سید محمد ریاض ندوی کھجناوری
رئیس: جامعة الحسنین
صبری پور
ہمارے علاقہ کے مشہور ومعروف عالمِ دین اور ایک متواضع،شریف وملنسار،انکسار وسادگی کا پیکرِجمیل حضرت مولانا نذیر احمد قاسمیؒ تقریبا اپنی عمر کی نو دہائی علم وعمل اور خدمت انسانیت میں گذارنے کے بعد اپنے رب حقیقی سے جاملے،ﷲتعالی ان کو اعلی علیین میں جگہ عنایت فرمائے۔
مولانا نذیر احمد قاسمی تواضع وانکساری کے پیکر جمیل اور رشد وہدایت کی صفات سے مزین ایک صوفی منش بزرگ تھے،صبح سے شام تک دین متین کی اشاعت میں مصروف عمل تھے اپنے مدرسہ کی ترقی طلباء کی کفالت کے لئے شب وروز پیدل چلنے کا سفر ان کا معمول تھا،کوئی راہ گیر راستہ میں مل گیا وہ اس لمحہ باعث برکت سمجھ کر ان کو بٹھا لیتا اور ان کے مقام پر چھوڑدیتا،انہوں نے اپنی پوری زندگی محنت وجفاکشی اور جہد مسلسل کے ساتھ گزاری،وہ بے ضرر تھے،کبھی کسی کے بارے میں کوئی گمان تک شائد ان کو نہ ہوا،کہیں بیٹھ جاتے،کہیں چلے جاتے،اس اعتبارسے انہوں نے بعض وہ دینی کام انجام دئیے جہاں تک اچھے اچھوں کی رسائی نہیں۔
جب بھی ملاقات ہوتی تواضع کا مجسمہ دکھائی دیتے،اور کسی دوسری دنیا میں مگن نظر آتے،ان کی پوری زندگی تعلیمی واصلاحی پیش رفت میں گزری، عوام وخواص ان کے یہاں دعا ومناجات کے لئے حاضر ہوتے،وہ پانی پر دم بھی کرتے،اور تعویذ وغیرہ بھی دیدیتے تھے، جس سے بڑی شفا ہوتی تھی،آپ کی آخر عمر میں عارف باللہ طبیب حاذق حضرت مولانا سید مکرم حسین صاحب سنسارپوریؒ نے ان کو خرقۀ خلافت سے بھی نوازا جس سے ان کا اصلاحی میدان بھی بڑا وسیع ہوا اور اصلاح و افادہ کی فضا عام ہوئی ان کی وفات سے آج علاقہ ایک نیک صفت بزرگ سے خالی ہوگیا ﷲ تعالی ان کے قائم کردہ مدرسہ اور ان کی جدوجہد کے مرکز کو نعم البدل عطا فرمائے آمین
نماز جنازہ ابھی ظہر بعد ان کی آبائی بستی مظفری مظفرآباد میں ادا کی جائے گی
No comments:
Post a Comment